شام پر اسرائیلی بمباری پورے خطے کے لیے خطرہ ہے ، ایردوآن

شام اور دروز قبیلے کے درمیاں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، احمد الشرع سے گفتگو

جمعہ 18 جولائی 2025 10:35

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)شام پر اسرائیلی بمباری کے تازہ واقعے کے بعد ترکیہ کے صدر طیب ایردوآن اور شامی صدر احمد الشرع کے درمیان فون پر رابطہ ہوا اور دونوں رہنمائوں نے اسرائیلی بمباری سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ترکیہ کے ایوان صدر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ صدر ایردوآن نے شام کے لیے ترکیہ کی حمایت اور اظہار یکجہتی کیا۔

ان کا احمد الشرع سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ اسرائیلی بمباری ناقابل قبول ہے اور یہ پورے خطے کے لیے خطرہ ہے۔ تاہم انہوں نے شام اور دروز قبیلے کے درمیاں جنگ بندی کا خیر مقدم کیا۔شام کے صدر احمد الشرع نے اس موقع پر صدر طیب ایردوآن کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور تعریف کی کہ وہ شام کے تحفظ اور علاقائی استحکام کے لیے شام کے ساتھ ہیں۔