کراچی، پولیس وردیوں میں ملبوس ایرانی ڈکیت گینگ بے نقاب، تین گرفتار

گرفتار ملزمان ایرانی باشندے ہیں ، گینگ کا ایک ساتھی مفرور ہے،ملزمان واردات کرنے کے بعد ایران فرار ہو جاتے تھے،ڈی آئی جی ایسٹ

جمعہ 18 جولائی 2025 12:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ایک نیا اور تشویشناک پہلو سامنے آ گیا ہے۔پولیس نے شارع فیصل پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس وردیوں میں ملبوس غیر ملکی(ایرانی) گینگ کے تین اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے، جو خود کو قانون نافذ کرنے والے اہلکار ظاہر کر کے شہریوں کو لوٹتے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان پولیس کی وردیاں پہن کر ناکے لگاتے اور شہریوں سے نقدی، موبائل فون، قیمتی سامان اور حتی کہ غیر ملکیوں کو بھی لوٹتے تھے۔گینگ نے اب تک ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور دیگر پوش علاقوں میں 50 سے زائد وارداتیں کی ہیں۔مزید تفصیلات کے مطابق اس خطرناک گینگ کے کچھ ارکان وارداتوں کے بعد بیرون ملک فرار ہو جاتے تھے تاکہ گرفتاری سے بچ سکیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ملزمان کی جانب سے غیر ملکی افراد کو لوٹنے کی ایک ویڈیو بھی حکام کو موصول ہو چکی ہے، جو تفتیش میں اہم ثبوت کے طور پر شامل کی گئی ہے۔پولیس حکام نے بتایاکہ گینگ کا ایک اہم رکن تاحال مفرور ہے، اور اس کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں۔ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار کے مطابق گرفتار ملزمان ایرانی باشندے ہیں اور وہ غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بناتے تھے، گینگ کا ایک ساتھی مفرور ہے۔

انہوں نے بتایاگرفتار ملزمان میں ارسلان پاکستانی، علی جاوید اور حسین ایرانی ہیں، جبکہ ایک مفرور ملزم حسن بھی ایرانی باشندہ ہے۔ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایاکہ ملزمان نے مارچ میں راشد منہاس روڈ پر شہری سے 90 ہزار لوٹے، جبکہ ملزمان نے کلفٹن میں پولیس وردی میں 3 غیر ملکیوں کو بھی لوٹا۔فرخ لنجار نے کہاکہ ملزمان واردات کرنے کے بعد ایران فرار ہو جاتے تھے۔