لواری ٹنل کا نارتھ پیکج دسمبر میں مکمل ہوگا، ڈی آئی خان سی پیک روٹ کے ناقص حصے کی تعمیر و مرمت سے متعلق اقدامات کئے جائیں گے، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان

جمعہ 18 جولائی 2025 13:03

لواری ٹنل کا  نارتھ پیکج دسمبر میں مکمل ہوگا، ڈی آئی خان سی پیک روٹ کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایوان بالا سینٹ کو بتایا کہ لواری ٹنل کا نارتھ پیکج دسمبر میں مکمل ہو جائے گا،نشاندہی کی جائے ڈی آئی خان سی پیک روٹ کے ناقص حصے کی تعمیر و مرمت سے متعلق اقدامات کئے جائیں گے۔جمعے کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینٹر فلک ناز،فوزیہ ارشد ،،شہادت اعوان ،پلوشہ محمد زئی خان ، خلیل طاہر سندھو ،سینیٹر دوست محمد اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں وزیر مواصلات نے ایوان کو بتایا کہ 18.6 کلومیٹر کا ایک پیکج 2010 ءمیں مکمل ہو گیا تھا جبکہ ساؤتھ پیکج جس کی لمبائی 7.3 کلومیٹر ہے وہ بھی 2020ء میں مکمل ہو گیا تاہم نارتھ پیکج جس کی لمبائی 7.3 کلومیٹر ہے وہ ابھی تک مکمل نہیں ہوا، کنٹریکٹرز کی آپس کی لڑائی کی وجہ سے اس منصوبے پر کام تاخیر کا شکار ہوا اور عدالت نے بھی حکم امتناعی جاری کیا ،تاہم این ایچ اے نے اپنے فنڈز سے اب اس منصوبے پر کام شروع کرا دیا ہے جس پر 480 ملین روپے لاگت آئے گی ، اس پر کام جاری ہے،یہ پیکچ دسمبر میں مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نشاندہی کی جائے، ڈی آئی خان سی پیک روٹ کے ناقص حصے کی تعمیر و مرمت سے متعلق اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چترال کی بہت سی سڑکوں کی حالت خراب ہے، اگر خیبر پختون خواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات کی طرف جانے والی سڑکیں این ایچ کو دے دی جائیں تو ہم ان کی تعمیر اور مرمت خود کرانے کے لیے تیار ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ این ایچ اے میں ڈیپوٹیشن پر آنے والے کسی افسر کو ڈیپوٹیشن کی مدت پوری ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ضم کیا گیا ہے تو اس پر انکوائری کر کے ایکشن لیا جائے گااور اسے ہٹادیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کو گز شتہ سال کے مقابلے میں رواں سال 50 ارب روپے منافع ہوا ، جب تک سڑکوں کے لیے فنڈز نہیں ہوں گے تو یہ کام نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے ترقیاتی منصوبوں میں اب مزید تیزی نظر آئے گی اور جن منصوبوں پہ کام شروع نہیں ہو سکا ان پہ بھی کام شروع کرایا جائے گا۔\932