آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام( آج) ہفتہ یوم الحاقِ پاکستان بھرپور جوش و خروش سے منایا جائیگا

تقاریب میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، بزرگ، نوجوان، خواتین اور سول سوسائٹی نمائندگان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے

جمعہ 18 جولائی 2025 14:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام آج ہفتہ یوم الحاقِ پاکستان بھرپور جوش و خروش، عقیدت اور قومی جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ یہ دن ریاست جموں و کشمیر کے ان عظیم فرزندوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے تاریخی اجلاس میں پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی۔

یہ فیصلہ کشمیری عوام کی اجتماعی رائے، ان کے دینی، ثقافتی اور جغرافیائی تقاضوں کا عکاس تھا۔اس سلسلے میں مرکزی تقریب مظفرآباد کے نواحی علاقے گوجرہ میں واقع ''روز مارکی'' میں منعقد ہو رہی ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان ہوں گے۔

(جاری ہے)

یہ تقریب مسلم کانفرنس مظفرآباد ڈویژن کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہے جس میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، بزرگ، نوجوان، خواتین اور سول سوسائٹی نمائندگان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

تقریب میں قرارداد الحاقِ پاکستان کی اہمیت، تحریکِ آزادی کشمیر میں مسلم کانفرنس کا تاریخی کردار، اور مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان و چوہدری غلام عباس کی قیادت پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔ سردار عتیق احمد خان اپنے خطاب میں موجودہ سیاسی تناظر میں مسلم کانفرنس کے مؤقف اور الحاق پاکستان کے تاریخی نظریے کو بھی اجاگر کریں گے۔دوسری جانب یونین کونسل چمیاٹی میں مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے زیر اہتمام ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے،جس کے مہمان خصوصی سردار عثمان علی خان ہوں گے ، جس میں نوجوان مقررین، دانشور، اساتذہ اور کارکنان خطاب کریں گے۔

اس تقریب کا مقصد نوجوان نسل کو تحریک الحاق پاکستان کی نظریاتی بنیادوں سے روشناس کرانا اور انہیں جدوجہدِ آزادی کے تسلسل کا حصہ بنانا ہے۔علاوہ ازیں، میرپور، کوٹلی، راولاکوٹ، بھمبر، ہجیرہ، وادی نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، سدھنوتی اور دیگر علاقوں میں بھی یومِ الحاقِ پاکستان کی مناسبت سے خصوصی تقریبات، جلسے، ریلیاں اور دعائیہ محافل منعقد کی جا رہی ہیں۔

ان تقریبات میں مقررین تحریک آزادی کشمیر کی تاریخی پس منظر، موجودہ حالات اور پاکستان سے وابستگی پر روشنی ڈال رہے ہیں۔آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی قیادت نے یومِ الحاقِ پاکستان کی تقریبات کو نئی نسل کے شعور کی بیداری اور قومی نظریاتی یکجہتی کے فروغ کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھرپور شرکت کے ذریعے کشمیریوں کے اس عظیم نظریاتی فیصلے کی تجدید کریں۔ ضلعی صدور، یوتھ ونگ، خواتین ونگ، طلبہ تنظیموں اور بزرگ رہنماؤں کی قیادت میں ملک بھر اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں الحاقِ پاکستان کے حق میں تقریبات منعقد ہو رہی ہیں ۔