چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ کا 131واں اجلاس، اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور سین

جمعہ 18 جولائی 2025 16:29

چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ کا 131واں اجلاس منعقدہوا۔پیسک ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ بورڈ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔بورڈ نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے 11.483ارب روپے کے بجٹ تخمینہ جات برائے مالی سال 26 -2025 کی منظوری دی۔

بورڈ نے رواں مالی سال کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پیسک کی جاری اور نئی سکیموں پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی۔گجرات،سیالکوٹ،چکوال،ڈسکہ اور سمبڑیال کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے بورڈز آف مینجمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اور وزیر اعلیٰ آسان کاروبار کارڈ سکیموں پر عملدرآمد رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

بورڈ کو بتایا گیا کہ سی ایم آسان کاروبار کارڈ سکیم کی ریکوری 95 فیصد اور سی ایم آسان کاروبار فنانس سکیم کی ریکوری 99 فیصد رہی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار کارڈ اور وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیمیں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ میں معاون ثابت ہوئی ہیں۔

بلاسود قرضوں کی یہ دونوں سکیمیں کامیاب رہیں اور ان سے مطلوبہ نتائج حاصل ہوئے۔بلاسود قرضوں کی ان سکیموں سے لوگوں کی بڑی تعداد مستفید ہوئی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پیسک سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں مینٹیننس چارجز کی ریکوری بہتر بنائے۔پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ایسی ریگولر سکیمیں لائے جس سے ادارہ مالی طور پر مزید مستحکم ہو۔

سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کو مزید بہتر کیا جائے۔ایم ڈی پیسک سائرہ عمر نے بتایا کہ بلاسود قرضوں کی سکیموں کے مؤثر نفاذ اور فعال نگرانی کے باعث مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن ہوا۔پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن قرضوں کی مزید سکیمیں بھی متعارف کرائے گی۔سیکرٹری صنعت و تجارت محمد عمر مسعود اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔