ملک میں پائیدار ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے طویل مدتی اور مستقل اقتصادی پالیسیوں کی فوری ضرورت ہے، ناصر منصور قریشی

جمعہ 18 جولائی 2025 19:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے پاکستان میں پائیدار ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے طویل مدتی اور مستقل اقتصادی پالیسیوں کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری کے ہمراہ جمعہ کو چیمبر ہائوس میں تاجروں اور صنعتکاروں کے وفود سے بات کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ قومی اقتصادی مفادات سے جڑی پالیسی میں تسلسل ہی ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔

ناصر منصور قریشی نے تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے زبردستی کے اقدامات کے خاتمے اور سہولت کاری کے طریقہ کار کو اپنانے پر زور دیتے ہوئے ایک قابل عمل کاروباری ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر ہم معاشی ترقی کرنا چاہتے ہیں تو کاروبار کرنے میں آسانی ایک ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے جامع پالیسی سازی کی اہمیت پر مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی بھی بڑے معاشی فیصلے کو حتمی شکل دینے سے پہلے تمام سٹیک ہولڈرز بالخصوص چیمبرز آف کامرس کو اعتماد میں لے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی سازی میں کاروباری برادری کی شرکت بہتر نفاذ اور ملکیت کو یقینی بناتی ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے تاجر برادری اور حکومتی اداروں کے درمیان پل کے طور پر کام کرنے کے لیے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تاجروں اور صنعت کاروں کے مفادات کے تحفظ اور ملک میں کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔