اربوں روپے کا آن لائن فراڈ معاملہ، گینگ کے سرغنہ سابق چیئرمین فیسکو گرفتار

جمعہ 18 جولائی 2025 21:33

اربوں روپے کا آن لائن فراڈ معاملہ، گینگ کے سرغنہ سابق چیئرمین فیسکو ..
جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء)اربوں روپے کا آن لائن فراڈ معاملہ، نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے غیر ملکی باشندوں کے ذریعے فراڈ کرنے والے گینگ کے سرغنہ سابق چیئرمین فیسکوکوگرفتار کرلیا، سائبر کرائم ایجنسی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارشد علی رضوی کو مقدمے کا تفتیشی افسر مقرر کیا ہے جو آج ملزم تحسین اعوان کو عدالت میں پیش کر کے تفتیش اور ڈیجیٹل مواد کی برآمد گی کیلئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔

ملزم نے چینی گینگ سے مل کر مختلف کمپنیوں کے جعلی کاغذات، ایگریمنٹ اور جعلی پاسپورٹس نمبر تیار کر کے سیکیورٹی اداروں کو بوگس ڈیٹا مہیا کیا تھا۔سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق ملزم تحسین اعوان نے 72 گرفتار غیر ملکیوں میں سے 62 کی موجودگی اداروں سے چھپائی اور غیر ملکیوں کی مہیا کی گئی فہرست میں نو کے ریکارڈ جعلی پائے گئے ان اقدامات سے تحسین اعوان نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا۔

(جاری ہے)

نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق ملزم تحسین اعوان نے ریکارڈ میں جعلی کمپنیاں ظاہر کیں جن کا وجود ہی نہیں۔ سیکیورٹی اداروں کو غیر ملکی باشندوں کے جعلی پاسپورٹ نمبر اور غلط معلومات فرہم کیں اور جن کمپنیوں کے نام پر ایگریمنٹ بنائے وہ بھی جعلی نکلے۔سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بتایا کہ ملزمان نے سیکیورٹی اداروں سے 62 غیر ملکی باشندوں کی موجودگی چھپائی، این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم تحسین اعوان نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا۔

ملزم کو آج عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔خیال رہے کہ چند روز قبل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے فیصل آباد میں چھاپہ مار کر پونزی سکیم اور سرمایہ کاری کے فراڈ میں ملوث بڑا کال سینٹر پکڑ لیاتھا۔غیر ملکی باشندوں سمیت 149 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتارکر لیاتھا۔فیصل آباد میں تاریخ کا سب سے بڑا آن لائن فراڈ بے نقاب ہوگیا تھا۔

جعلی سرمایہ کاری کا بڑا سکینڈل پکڑا گیاتھا۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا فیصل آباد میں سابق فیسکو چیف کے ڈیرے پر کارروائی کے دوران اربوں روپے کا آن لائن فراڈ پکڑ لیا جہاں ملکی اور غیر ملکی شہری وہاں کام کرتے ہوئے پائے گئے جنہیں موقع پر گرفتار کر لیا گیاتھا۔ بتایا گیا تھا کہ یہ اب تک پاکستان میں آن لائن فراڈ کرنیوالے ملزمان کی بیک وقت پکڑی گئی سب سے بڑی تعداد تھی۔

نیشنل سائبر کرائم اینڈ انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی ای)نے ایک حساس ادارے کے ہمراہ سانگلہ ہل شاہکوٹ روڈ فیصل آباد میں ایک کال سینٹر پر چھاپہ ماراتھا۔نیشنل سائبر کرائم ایجنسی ٹیم کے مطابق سابق فیسکو چیف ملک تحسین کے ڈیرے پر چھاپے کے دوران بڑے کال سینٹر کا انکشاف ہوا جو پونزی سکیم اور آن لائن انویسٹمنٹ فراڈ میں ملوث تھا۔

یہ کال سینٹر فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کے سابق چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان کی رہائش گاہ پر بنایا گیا تھا جہاں سے عوام کو دھوکا دیکر رقم بٹوری جارہی تھی۔کارروائی کے دوران غیر ملکی باشندوں سمیت 149 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزمان میں 131 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں جن میں سے 73 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔

گرفتار افراد میں نائجیرین 3 مرد اور 5 خواتین، فلپائنی 1 مرد اور 3 خواتین، سری لنکن 1 مرد اور 1 خاتون، بنگلہ دیشی 6 مرد، زمبابوے کی 1 خاتون، میانمار کی 2 خواتین اور 44 دیگر غیرملکی جبکہ پاکستانی 76 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔این سی سی آئی اے کے مطابق فراڈ نیٹ ورک کے خلاف مجموعی طور پر 7 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ملزمان کیخلاف دھوکہ دہی،جعلساز ی اور فراڈ سرمایہ کاری منصوبوں میں ملوث ہونے کی بنیاد پر کل 7 مقدمات (ایف آئی آر نمبر 141-147 درج کئے گئے ہیں۔ ملزمان سے تفتیش جاری تھی۔