نائب وزیراعظم اسحاق ڈار21 جولائی سے امریکہ کے چار روزہ دورے پر روانہ ہوں گے

جمعہ 18 جولائی 2025 22:58

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار21 جولائی سے امریکہ کے چار روزہ دورے پر روانہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار 21 سے 24 جولائی تک امریکہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور بطور صدر سلامتی کونسل دو اہم عالمی نوعیت کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق 22 جولائی کو اقوام متحدہ میں کثیرفریقی طریقہ کار اور تنازعات کے پرامن تصفیے کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے فروغ‘ کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی مباحثہ منعقد ہو گا، جس کی صدارت اسحاق ڈار کریں گے۔

اس مباحثے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ 23 جولائی کو فلسطین کے مسئلے پر سلامتی کونسل کے سہ ماہی کھلے مباحثے کی میزبانی بھی پاکستان کرے گا، جس کی صدارت نائب وزیراعظم کریں گے۔

(جاری ہے)

24 جولائی کو ’اقوام متحدہ اور علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون‘ کے عنوان سے ایک اہم بریفنگ دی جائے گی، جس میں او آئی سی (اسلامی تعاون تنظیم) اور اقوام متحدہ کے باہمی تعاون پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 22 جولائی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے بطور صدر رسمی خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کا مؤقف اور عالمی امن سے متعلق وڑن پیش کریں گے۔ ان کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش سے دو طرفہ ملاقات بھی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اس دورے کے دوران ممکنہ طور پر واشنگٹن بھی جائیں گے، جہاں ان کی S امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پاک امریکہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی سلامتی کے امور زیر بحث آئیں گے۔