ندھ میں جرائم کا تکون ہے، بڑے اور مؤثر آپریشن کی ضرورت ہے،جے یو آئی سندھ

جمعہ 18 جولائی 2025 23:05

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) سندھ میں جرائم کا تکون ہے، بڑے اور مؤثر آپریشن کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے کہا ہے کہ سندھ میں جرائم بڑہانے کا تکون ہے، جس کے خاتمے کے لیے بڑے اور بھرپور آپریشن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن قائم کرنے کے لیے اسلحے کی ترسیل اور غیر قانونی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنا ہوگی ،جے یو آئی سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، نائب امراء مولانا محمد صالح الحداد، سید سراج احمد شاہ امروٹی، قاری محمد عثمان، قائم مقام صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا محمد صالح انڈڑ، صوبائی پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، صوبائی سالار سلیم سندھی اور صوبائی فنانس سیکریٹری قاری محمد غیاث نے مشترکہ بیان میں کہا کہ سندھ میں جرائم پیشہ افراد، ان کے سرپرست کے ملوث اور بعض اداروں کی سستی کے سبب بے امنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف معمول کی کارروائیاں ماضی میں بھی ہو چکی ہیں، لیکن ان سے کوئی خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔ اس کے لیے ایک منظم، مربوط اور فیصلہ کن آپریشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ قبائلی دہشتگردی، خونریزی اور جھگڑوں میں ملوث عناصر کے خلاف فوری عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے جے یو آئی رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کے "کچی" کا علاقہ گویا ڈاکوؤں کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں جرائم پیشہ عناصر کی حکمرانی قائم ہو چکی ہے۔

ذاتی دشمنیوں کی بنیاد پر معصوم افراد کی لاشیں ملنا ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والا عمل ہے، جبکہ نسلی دشمنی کا زہر انسانی اقدار کو چیرتا جا رہا ہے، اور ریاستی ادارے محض خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومتی مراعات اور اقتدار کے مزے تو لیے جا رہے ہیں، مگر "گڈ گورننس" دوربین سے بھی نظر نہیں آتی۔ یہی وجہ ہے کہ اغوا برائے تاوان کی وارداتیں مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں،جے یو آء رہنماؤں نے زور دیا کہ سندھ کو ایک پرامن شناخت دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ امن ہوگا تو کاروبار چلے گا، ترقی ممکن ہوگی اور معاشرہ سکون اور تحفظ کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکے گا۔