کانسٹیبل حیدر علی نے سیلاب کے دوران انسانی جانیں بچانے کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دے کر بہادری اور فرض شناسی کی عظیم مثال قائم کی ،سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 18 جولائی 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جہلم میں حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو آپریشن میں حصہ لیتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کانسٹیبل حیدر علی کے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ کانسٹیبل حیدر علی نے انسانی جانیں بچانے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دے کر بہادری اور فرض شناسی کی عظیم مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید کانسٹیبل کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو حیدر علی جیسے دلیر اور باہمت سپوتوں پر بجا طور پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر انسانی خدمت کی راہ میں اپنی جان قربان کی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔سپیکر نے کہا کہ شہید حیدر علی کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی بہادری آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ رہے گی۔سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔