غزہ معاہدہ قریب آ چکا ہے،نمائندہ ٹرمپ برائے امور اسیران

نیتن یاہو کا معاہدہ طے پانے تک مذاکراتی وفد کو دوحہ میں رکھنے کا فیصلہ

ہفتہ 19 جولائی 2025 12:01

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)اسرائیلی ٹی وی نے 13یرغمالیوں کے امور سے متعلق امریکی صدر کے نمائندے ایڈم بولر کے حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ سے متعلق ایک معاہدہ قریب آ چکا ہے۔اسرائیلی ٹی وی چینل کے مطابق بولر کا کہنا تھا کہ ہم ماضی کے مقابلے میں اس وقت غزہ سے متعلق ایک معاہدے کے زیادہ قریب ہیں۔ اس سے جاری مذاکرات میں پیش رفت کی طرف اشارہ ملتا ہے۔

وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے فیصلہ کیا ہے کہ مذاکراتی وفد کو دوحہ میں اس وقت تک رکھا جائے گا جب تک غزہ سے متعلق معاہدہ نہیں ہو جاتا۔ نیتن یاہو نے بند کمرے کی بات چیت میں کہا کہ مذاکراتی ٹیم دوحہ میں موجود رہے گی تا کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچا جا سکے۔ تفصیلات سے با خبر ذرائع نے واضح کیا ہے کہ یہ تاثر تمام فریقوں میں قائم ہو چکا ہے کہ نیتن یاہو اس معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہیں، اور انھوں نے انخلا کے نقشوں کے معاملے میں خاصی لچک دکھائی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بات چیت مسلسل جاری ہے اور بعض معاملات میں واضح پیش رفت بھی ہوئی ہے، تاہم بعض دیگر نکات پر اب بھی اختلافات موجود ہیں۔دوحہ میں غزہ سے متعلق مذاکرات کے عمل سے با خبر حماس کے ایک ذریعے نے بتایا کہ اس وقت مذاکرات میں جو تجاویز سامنے آ رہی ہیں وہ حقیقت پسندانہ ہیں، لیکن حتمی معاہدہ امریکی موقف پر منحصر ہے کیونکہ صرف امریکہ ہی اسرائیل پر دبائو ڈالنے کی طاقت رکھتا ہے۔