سرفراز احمد آخری لمحات میں پاکستان چیمپئنز سکواڈ سے باہر

پاکستان چیمپئنز نے رواں سال جنوری میں اعلان کیا تھا کہ سرفراز اس سال ڈبلیو سی ایل کے ایڈیشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 جولائی 2025 11:56

سرفراز احمد آخری لمحات میں پاکستان چیمپئنز سکواڈ سے باہر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جولائی 2025ء ) سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کو ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز اسکواڈ سے باہر کردیا گیا۔ 
پاکستان چیمپئنز نے انگلینڈ چیمپئنز کے خلاف پہلے میچ سے چند گھنٹے قبل متوقع اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں سرفراز احمد شامل نہیں۔ 
ٹیم کے مالک کامل خان کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں نمایاں تبدیلیاں کی گئیں کیونکہ 11ویں گھنٹے میں پاکستان کے سابق کپتان سرفراز کی جگہ کامران اکمل کو شامل کیا گیا ہے جب کہ مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کو حیرت انگیز طور پر شامل کیا گیا۔

 
واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز نے رواں سال جنوری میں اعلان کیا تھا کہ سرفراز اس سال ڈبلیو سی ایل کے ایڈیشن میں نمائندگی کریں گے۔

(جاری ہے)

 

پاکستان چیمپیئنز کے سوشل میڈیا نے سرفراز کے دستخط کی تصدیق کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی، جس میں اس کا کیپشن دیا گیا تھا: "کپتان، لیڈر، لیجنڈ! سرفراز احمد ڈبلیو سی ایل سیزن 2 کے لیے پاکستان چیمپئنز کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

” 
سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ اس سال کے ڈبلیو سی ایل میں پاکستان چیمپئنز کی قیادت کریں گے اور وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان یونس خان کی جگہ لیں گے، جنہوں نے افتتاحی ایڈیشن میں انہیں فائنل تک پہنچایا تھا۔ 
ڈبلیو سی ایل 2025ء کے لیے پاکستان چیمپئنز اسکواڈ: محمد حفیظ، شاہد آفریدی، شعیب ملک، کامران اکمل، شرجیل خان، فواد عالم، عماد وسیم، وہاب ریاض، سہیل تنویر، آصف علی، صہیب مقصود، عمر امین، رومان رئیس، سوہا خان اور عامر یامین۔