پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز لاہور میں ایف سی پی ایس سپائن سرجری کی منظوری دے دی گئی

ہفتہ 19 جولائی 2025 15:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز (پنز) لاہور میں مریضوں کی سہولت کےلئے ایف سی پی ایس سپائن سرجری کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز ،پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے بتایا کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی طرف سے پنز لاہور میں ایف سی پی ایس سپائن سرجری ٹریننگ کی باقاعدہ منظوری ملک میں میڈیکل تعلیم و تحقیق کے میدان میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے ہمارے نوجوان ڈاکٹرز کو نئے مواقع ملیں گے۔

ادارے کے ملازمین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منظوری پنز کے لیے ایک اعزاز ہے، جس کا کریڈٹ پنز کی پوری ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت کر کے یہ مقام حاصل کیا۔ ڈاکٹر آصف بشیر نے کہا کہ اس منظوری سے نہ صرف مریضوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو گی بلکہ ادارے میں نوجوان نیورو سرجنز کو بین الاقوامی معیار کی بہترین ٹریننگ سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں گی تاکہ وہ مستقبل میں سپائن سرجری کے میدان میں عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پبلک سیکٹر کا واحد ادارہ ہے جہاں سپائن سرجری 24 گھنٹوں کے اندر کی جاتی ہے تاکہ مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت مل سکے اور وہ جلد صحت یاب ہو سکیں، پنز کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ ادارہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور یہ منظوری اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔