ہنڈا کے بعد مزید 2 معروف کمپنیوں کی موٹرسائیکلیں بھی مہنگی

قیمتوں میں اضافہ حکومت کے این ای وی لیوی اور سیلز ٹیکس میں تبدیلی کے نتیجے میں سامنے آیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 جولائی 2025 14:39

ہنڈا کے بعد مزید 2 معروف کمپنیوں کی موٹرسائیکلیں بھی مہنگی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی 2025ء ) پاکستان میں ہنڈا کے بعد مزید 2 معروف کمپنیوں کی جانب سے بھی موٹرسائیکلیں مہنگی کردی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی بجٹ میں حالیہ ٹیکس اصلاحات اور نئی انرجی وہیکل لیوی کے نفاذ کے بعد ملک میں موٹر سائیکل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، اسی سلسلے میں یاماہا اور یونیک نے بھی اپنے موٹر سائیکل ماڈلز کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی 2025ء سے کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یاماہا کی جانب سے موٹرسائیکل کے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے، قیمتوں میں اضافہ حکومت کے این ای وی لیوی اور سیلز ٹیکس میں تبدیلی کے نتیجے میں سامنے آیا، جس کے بعد وائی بی 125 زیڈ کی نئی قیمت 4 لاکھ 29 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جس میں 65 ہزار 441 روپے سیلز ٹیکس اور 4 ہزار 57 روپے این ای وی لیوی شامل ہیں، وائی بی 125 زیڈ ڈی ایکس اب 4 لاکھ 59 ہزار 500 روپے کی ہوچکی ہے، وائی بی آر 125 کی نئی قیمت 4 لاکھ 71 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے، وائی بی آر 125G کی قیمت 4 لاکھ 90 ہزار 500 روپے اور میٹ فنش ورژن کی قیمت 4 لاکھ 93 ہزار 500 روپے تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ یونیک کمپنی کی موٹر سائیکلیں بھی مہنگی ہوچکی ہیں اور قیمتوں میں 3 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے، جو 18 جولائی 2025ء سے لاگو ہو چکا ہے، جس کے تحت کمپنی نے یو ڈی 70 سی سی سیریز کے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں 3 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے، یو ڈی 70 سی سی بیس ماڈل اب 1 لاکھ 21 ہزار 500 روپے میں دستیاب ہے، یو ڈی 70 سی سی ایکسٹریم پلس کی قیمت 1 لاکھ 25 ہزار روپے ہوچکی ہے، سپیشل ایڈیشن اب 1 لاکھ 28 ہزار 500 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے، اس کے علاوہ ایکسٹریم پلس الائے رم کی قیمت 1 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، کمپنی کا سیلف سٹارٹ ویرینٹ کی قیمت 1 لاکھ 47 ہزار روپے ہوگئی۔