کپاس کی 60 لاکھ گانٹھوں کے پیداواری ہدف کے حصول کے لیے فیلڈ فارمیشنز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے،افتخار علی سہو

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:51

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ رواں سال کپاس کی 60 لاکھ گانٹھوں کے پیداواری ہدف کے حصول کے لیے فیلڈ فارمیشنز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے،متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے زیادہ وقت فیلڈ میں گزاریں گے اور کپاس کی نیوٹریشن، پیسٹ اور واٹر مینجمنٹ کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری زراعت پنجاب کی زیر صدارت ہفتہ کو یہاں میاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں کپاس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔جس میں وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، چیئرمین نیشنل سیڈ اتھارٹی ڈاکٹر راؤ آصف علی، سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر ساؤتھ پنجاب سرفراز حسین مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامررسول، ڈاکٹر عبدالقیوم،ڈاکٹر ساجدالرحمان، کاٹن ایکسپرٹ ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ، سید حسن رضا، خالد محمود کھوکھر سمیت جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کپاس کے ترقی پسند کاشتکاروں و چوہدری وحید ارشد نمائندہ جننگ سیکٹر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس دوران سیکرٹری زراعت نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی صاف چنائی کے لیے مزدوروں کی تربیت کی جائے، جننگ فیکٹریوں میں روئی کی کوالٹی اور اعداد و شمار کے حوالے سے باقاعدگی سے رپورٹ مرتب کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنیکل ایکسپرٹس گروپ کو ہدایت کی گئی کہ وہ موسمی حالات کے مطابق کپاس سے متعلق ایڈوائزری جاری کرے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں اچھی کارکردگی کی حامل اقسام کا ڈیٹا مرتب کیا جائے۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے فیلڈ رپورٹس کی روشنی میں کپاس کی حالت کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کپاس پر موسمی حالات کے ممکنہ اثرات کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ کسان سہولت سنٹرز پر کاشتکاروں کا بہت اچھا ردعمل مشاہدہ میں آیا ہے۔بعد ازاں افتخار علی سہو نے ملتان میں زیر تعمیر ماڈل ایگریکلچر مال کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام رواں سال یکم اگست سے قبل مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔