نیلم میں بھی یوم الحاق پاکستان قومی جوش وجذبہ کیساتھ منایاگیا

ہفتہ 19 جولائی 2025 22:31

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) ریاست بھر کی طرح نیلم میں بھی یوم الحاق پاکستان قومی جوش وجذبہ کیساتھ منایاگیا۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھ مقام میں مرکزی تقریب جبکہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے بن تل چوک تک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ نے یوم الحاق پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 19 جولائی کی قرارداد کشمیریوں کی پاکستان سے غیر مشروط وابستگی اور لازوال محبت کی نشاندہی کرتی ہے۔

کشمیریوں نے 1947 میں پاس کی جانے والی اپنی اس تاریخی قرارداد کے ذریعے اپنا مستقبل مملکت خداداد پاکستان کیساتھ وابستہ کر رکھا ہے۔ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل رشتے کا بنیادی حوالہ ہے۔

(جاری ہے)

19جولائی 1947کی قرارداد کشمیری مسلمانوں کے اس اجتماعی شعور، خواہش اور جذبے کی آئینہ دار ہے جس کے تحت انہوں نے اپنی سیاسی، تہذیبی اور مذہبی وابستگی کی بنیاد پر اپنے مستقبل کو مملکتِ پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا۔

کئی دہائیوں کے بھارتی جبر، فوجی محاصرے، انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور سازشی ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری قوم آج بھی اسی عہد پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی اور الحاق پاکستان کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنی منزل ضرور حاصل کر کے رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر آٹھ مقام چوہدری بشارت کی قیادت میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے شہداء بن تل چوک تک ایک ریلی نکالی گئی جس میں سول سوسائٹی، طلباء اور سرکاری ملازمین نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

شرکاء ریلی پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گاپاکستان کے نعرے لگارہے تھے۔تقریب میں ایس پی خواجہ محمدصدیق، صدر پریس کلب جاوید اسداللہ، سیاسی وسماجی شخصیت عبدالشکور بانڈے، تحصیلدار آٹھمقام بلال فاتح، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشا انجم سمیت صحافیوں اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی ۔