ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ کا وفاقی وزیر خزانہ سے بزنس کمیونٹی کی میٹنگ میں ابوزر شاد کے غیر مناسب روئیے پر تحفظات کا اظہار

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر ابوزر شاد کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے بزنس کمیونٹی کی میٹنگ میں غیر مناسب روئیے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر ابوزر شاد کو تحریر کردہ خط میںعاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ 15 جولائی کو ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس کا مقصد ایف بی آر سے متعلقہ معاملات اور ٹیکسز کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے تحفظات حکومت کے سامنے رکھنا تھا، آپ کے غیر مناسب روئیے کی وجہ سے اجلاس کی افادیت اور بزنس کمیونٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اعلی سطح کے اجلاس میں کوڈ آف کنڈیکٹ کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے اپنے خط میں اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ابوزر شاد اپنے روئیے پر نظر ثانی کریں گے اور آئندہ اس حوالے سے خیال بھی رکھا جائے گا۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ خط کی کاپی وزیراعظم محمد شہباز شریف، معاون خصوصی ہارون اختر خان، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی و دیگر کو بھی ارسال کی گئی ہے۔