حکومت کا پن بجلی منافع ٹیرف سے الگ کرنے پرغور، صارفین کو ریلیف ملے گا

اس وقت واپڈا کا جنریشن ٹیرف 3 روپے 85 پیسے اور نیٹ ہائیڈل پرافٹ فی یونٹ 1روپے 10 پیسے ہے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جولائی 2025 11:19

حکومت کا پن بجلی منافع ٹیرف سے الگ کرنے پرغور، صارفین کو ریلیف ملے گا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی 2025ء ) حکومت نے پن بجلی منافع ٹیرف سے الگ کرنے پرغور شروع کردیا جس سے صارفین کو ریلیف ملے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پن بجلی منافع کو ٹیرف سے الگ کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے، ٹیرف الگ کرنے کا مقصد بجلی صارفین پر فی یونٹ 1 روپے 10 پیسے اضافی بوجھ کم کرنا ہے، ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس وقت واپڈا کا جنریشن ٹیرف 3 روپے 85 پیسے ہے، نیٹ ہائیڈل پرافٹ فی یونٹ 1روپے 10 پیسے ہے، اگر فیصلے پر عملدرآمد ہوتا ہے تو بجلی ٹیرف میں کمی ہوسکے گی، اس وقت پن بجلی منافع کی مد میں 170 ارب روپے کے بقایا جات ہیں، یہ رقم وفاق نے صوبوں کو ادا کرنی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف بجلی کی قیمت میں ایک ماہ کیلئے 65 پیسے فی یونٹ کمی ہونے کا بھی امکان ہے کیوں کہ سی پی پی اے نے جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیپرا میں درخواست دائر کردی ہے، جس میں جون کیلئے 65 پیسے بجلی فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کی گئی ہے، نیپرا 30 جولائی کو سی پی پی اے کی درخوست پر سماعت کرے گا، کمی کا اطلاق لائف لائن اور کراچی کے بجلی صارفین پر نہیں ہوگا، سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ جون میں بجلی کمپنیوں کو 13 ارب 31 کروڑ یونٹس سے زائد کی بجلی فراہم کی گئی، بجلی کی فی یونٹ لاگت 7 روپے 68 پیسے رہی، ماہ جون کیلئے ریفرنس لاگت 8 روپے 33 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔