چھتیس گڑھ میں 2019سے اب تک بھارتی فورسزکی177 اہلکاروں نے خودکشی کرلی

گزشتہ ساڑھے چھ برسوں کے دوران ریاست میں پیراملٹری فورسز سمیت بھارتی فوسز کے 18 اہلکارقتل کے واقعات میں ملوث پائے گئے

اتوار 20 جولائی 2025 14:10

رائے پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)بھارت میںبی جے پی کے زیر اقتدار شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں2019سے لے کر اب تک بھارتی فورسز کے 177اہلکار خودکشی کر چکے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریاست کے نائب وزیر اعلی وجے شرما نے اسمبلی کو بتایا کہ ریاست میں گزشتہ ساڑھے چھ سالوں میں 40کے قریب پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں سمیت بھارتی فورسز کے 177اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔

بی جے پی کے سینئر رکن اسمبلی اجے چندراکر کے ایک سوال کے تحریری جواب میں نائب وزیر اعلیٰ وجے شرمانے جو ریاست کے وزیر داخلہ بھی ہیں، ایوان کو بھارتی فورسز کے اہلکاروںکی خودکشیوں اورقتل کے واقعات کے بارے میں بتایا۔تحریری جواب کے مطابق 2019سے 15جون 2025کے درمیان ریاست میں 177بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے خودکشی کی۔

(جاری ہے)

ان میں سے 26اہلکاروں کا تعلق سینٹرل ریزرو پولیس فورس، پانچ کابارڈر سیکیورٹی فورس سے، تین کا انڈو تبتین بارڈر پولیس اور ایک ایک کا تعلق سشسترا سیما بل،سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس اور تریپورہ اسٹیٹ رائفلز سے تھا۔

جواب میں کہا گیا کہ خودکشی کرنے والے دیگر اہلکاروں کا تعلق چھتیس گڑھ آرمڈ فورس، اسپیشل ٹاسک فورس اور ہوم گارڈ سمیت ریاستی پولیس کی مختلف ونگز سے تھا۔ سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور آئی ٹی بی پی کوریاست میں نکسل مخالف آپریشن کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔سرکاری دستاویز کے مطابق 2019میں 25، 2020 میں 38، 2021 میں 24، 2022 میں 31، 2023 میں 22، 2024 میں 29 اور 2025میں 15جون تک8اہلکاروںنے خودکشی کی۔

گزشتہ ساڑھے چھ برسوں کے دوران ریاست میں پیراملٹری فورسز سمیت بھارتی فوسز کے 18 اہلکارقتل کے واقعات میں ملوث پائے گئے، ان میں وہ واقعات بھی شامل ہیں جن میں اہلکاروں نے اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ کی۔ بی جے پی حکومت کا دعویٰ ہے کہ تحقیقات سے پتہ چلاہے کہ افسران اور اہلکار خاندانی اور ذاتی مسائل، شراب نوشی، صحت کے مسائل اور اچانک غصے کی وجہ سے خودکشی یا قتل کرتے ہیں۔