، صارفین کے حقوق کا تحفظ انسانی حقوق کا ایک اہم جز ہے، آغا فخر حسین

اتوار 20 جولائی 2025 17:20

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) محکمہ انسانی حقوق حکومت سندھ نے انسانی حقوق کے محافظ تعریفی پروگرام کے تحت صارفین کی وکالت کے ذریعہ انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے اپنی خدمات دینے کے اعتراف میں کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان (سی اے پی) کے چیئرمین کوکب اقبال کو تعریفی سند دی۔ کوکب اقبال نے محفوظ خوراک ، صحت کی دیکھ بھال ، انصاف اور منصفانہ سلوک تک عوامی رسائی کو آگے بڑھانے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ فوڈ سیفٹی ریگولیشن ، صارفین کی عدالتوں ، قیمتوں پر قابو پانے اور عوامی احتساب کے شعبوں میں ان کی انتھک کوششوں نے شہریوں کو بااختیار بنانے اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے حق کو برقرار رکھنے میں کوکب اقبال نے ایک نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ انسانی حقوق سندھ کے ڈائریکٹر آغا فخر حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے حقوق کی حفاظت انسانی حقوق کا ایک اہم جز ہے۔

کوکب اقبال کے کام نے شہری قیادت کا ایک معیار قائم کیا ہے اور استحصال ، ناانصافی اور غفلت کے خلاف ہمت سے کھڑے ہیں،ہمیں انہیں انسانی حقوق کا حقیقی محافظ تسلیم کرنے پر فخر ہے۔ انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو تعریفی اسناد دینے کا سلسلہ انسانی حقوق کے لئے وزیر اعلی سندھ کے مشیر کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد ان افراد کی خدمات کو سراہنا ہے جنہوں نے انصاف ، عوامی فلاح و بہبود ، اور سندھ میں شہریوں کو بااختیار بنانے کے لئے مو ثر کردار ادا کیا ہے۔