عدم اعتماد کی طرح پی ٹی آئی اپوزیشن ارکان کے حلف کو بھی روک نہیں سکے گی، سینیٹر عرفان صدیقی

اتوار 20 جولائی 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ارکان کے حلف اُٹھانےکا راستہ روک کر پی ٹی آئی نے پھر غیر آئینی اور غیر جمہوری رویہ دوہرایا ہے لیکن عدم اعتماد کی تحریک کی طرح اپوزیشن ارکان کے حلف کو بھی روکا نہیں جا سکے گا۔ اتوار کو سوشل میڈیا ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ اس کا آئینی تقاضوں اور جمہوری روایات سے کوئی تعلق واسطہ نہیں۔

(جاری ہے)

اپوزیشن جماعتوں سے یہ کیسی مفاہمت ہے کہ ان کے ارکان کو حلف اُٹھانےکا راستہ روک دیا گیا؟ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ وہی غیر آئینی اور غیر جمہوری رویہ ہے جو بانی پی ٹی آئی نے قرارداد عدم اعتماد سے بچنے کے لیے قاسم سوری اور عارف علوی کے ذریعے اختیار کیا تھا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ نہ عدم اعتماد کو روکا جا سکا نہ اپوزیشن ارکان کے حلف کو روکا جا سکے گا۔ البتہ یہ حقیقت اور پختہ ہو گئی ہے کہ یہ جماعت جمہوری ایوانوں کے لئے نہیں، صرف سڑکوں، چوراہوں، ہنگاموں اور پُر تشدد احتجاج کے لئے بنی ہے۔