بلوچستان میں پسند کی شادی پر قتل کے انسانیت سوز واقعے کا مقدمہ درج

ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کیلئے ڈیٹا نادرا کو بھیجا گیا جس سے متعلقہ قبائل اور ملوث افراد کی شناخت ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جولائی 2025 21:30

بلوچستان میں پسند کی شادی پر قتل کے انسانیت سوز واقعے کا مقدمہ درج
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی 2025ء ) صوبہ بلوچستان میں پسند کی شادی پر قتل کے انسانیت سوز واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق سوشل میڈیا پر خاتون کے قتل کی ویڈیو وائرل ہے خاتون کے قتل کا مقدمہ ریاست اور صوبائی حکومت کی مدعیت میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر رہے ہیں، قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، واقعے میں ملوث مزید افراد کو بھی جلد ہی گرفتار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کے لیے ڈیٹا نادرا کو بھیجا گیا جس میں متعلقہ قبائل اور ملوث افراد کی شناخت ہوگئی ہے تاہم فی الحال ان کی شناخت ظاہر نہیں کر رہے، غیرمصدقہ اطلاعات ہیں کہ واقعہ عیدالاضحیٰ کا ہے اور فیملی نے رپورٹ نہیں کیا، ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحقیقات کر رہے ہیں واقعے کا ضلعی انتظامیہ کو بھی علم نہیں تھا، خاتون کی باڈی ریکور کرنے کے لیے بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو غیرت کے نام پر سرعام قتل کردیا گیا جس کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ویڈیو کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ یہ واقعہ مبینہ طور پر بلوچستان کے علاقہ ڈغاگاری کا ہے اور یہ علاقہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے صرف چند ہی کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جہاں یہ انسانیت سوز واقعہ پیش آیا۔

 
بتایا گیا ہے کہ پسند کی شادی کرنے کے جرم میں جرگہ اکٹھا کرکے شیتل نامی لڑکی اور لڑکے زرک کو گولی مارنے کا حکم دیا گیا، جس پر شیتل کے بھائی جلال جلالی نے درجنوں مردوں کی موجودگی میں غیرت کے نام پر اپنی بہن اور اس سے پسند کی شادی کرنے والے لڑکے کو موت کے گھاٹ اتار دیا، غیرت کے نام پر ناصرف جوڑے کا سرعام قتل کیا گیا بلکہ اس واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی جو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔