دشمن کی کوئی بھی سازش ہمارے حوصلے اور اتحاد کو کمزور نہیں کر سکتی ،صوبائی وزیر علی حسن زہری

پیر 21 جولائی 2025 00:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) صوبائی وزیرزراعت علی حسن زہری نے میجر محمد انور کاکڑ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر محمد انور کاکڑ کی شہادت قومی سانحہ ہے،وہ ایک دلیر، فرض شناس اور وطن پر جان قربان کرنے والے سپاہی تھے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر خدمات انجام دیں۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر مسلسل پاکستان کے امن، افواج اور حساس اداروں کو نشانہ بنانے کی سازشوں میں ملوث ہیں اور میجر انور کاکڑ کی شہادت اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی کوئی بھی سازش ہمارے حوصلے اور اتحاد کو کمزور نہیں کر سکتی ،میر علی حسن زہری نے میجر محمد انور کاکڑ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس عظیم شہید کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔