وزیرِاعظم یوتھ پروگرام ولاہور قلندرز کے اشتراک سے دو روزہ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز مکمل

پیر 21 جولائی 2025 14:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)وزیرِاعظم یوتھ پروگرام اور لاہور قلندرز کے اشتراک سے حیدرآباد اور شہید بینظیرآباد میں ہونے والے دو روزہ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز مکمل ہوگئے، جن میں مجموعی طور پر 16 لڑکے اور 15 لڑکیاں حیدرآباد سے جبکہ 17 لڑکے اور 15 لڑکیاں بینظیرآباد سے منتخب کرلی گئیں۔ ترجمان کے مطابق پولیس ہیڈکوارٹر گرائونڈ کینٹ حیدرآباد میں منعقد ہونے والے دو روزہ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز میں7 ہزار سے زائد نوجوان لڑکے لڑکیوں نے شرکت کی۔

کوچز مارینا اقبال اور ریاض آفریدی نے دو روزہ مرحلے کے بعد حتمی کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔اس موقع پر لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے نوجوان ہمیشہ سے قدرتی ٹیلنٹ سے مالامال رہے ہیں، وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تعاون سے سندھ کی پانچ ریجنل ٹیمیں بنا ئی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے نوجوان کھلاڑیوں نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں سے ثابت کیا ہے کہ وہ پروفیشنل کرکٹ میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،شہید بینظیرآباد میں ہونے والے ٹرائلز میں بھی نوجوان کرکٹرز نے انتہائی جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور سخت مقابلے کے بعد 17 رکنی لڑکوں کی ٹیم اور 15 رکنی لڑکیوں کے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔

اس موقع پرمنتخب کھلاڑیوں نے لاہور قلندرز اور وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اگلے مرحلے میں شاندار کارکردگی سے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد اور بینظیرآباد کی ٹیمیں اب ریجنل ٹورنامنٹس کی تیاری کریں گی جو پی ایم وائی پی، لاہور قلندرز ٹیلنٹ ڈیویلپمنٹ منصوبے کا حصہ ہیں، اس منصوبے کا مقصد تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے کرکٹ ٹیلنٹ کو تلاش کرکے پروفیشنل سطح پر تربیت دینا ہے۔