خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کےلیے پولنگ جاری، اکرم درانی اور بابر سلیم سمیت 40 اراکین نے ووٹ کاسٹ کر دیئے

پیر 21 جولائی 2025 17:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) سینیٹ الیکشن 2025 کےلیے خیبر پختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال میں پولنگ پُرامن طور پر جاری ہے جہاں دوپہر 1:30 بجے تک 40 اراکین اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔ ووٹ ڈالنے والے نمایاں اراکین میں سابق وزیراعلیٰ اکرم خان درانی اور اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی شامل ہیں۔

تین خواتین اور دو اقلیتی اراکین اسمبلی نے بھی ووٹ ڈالا ہے۔ الیکشن کمیشن کے انتظامات کے تحت خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر پولنگ پُرامن انداز میں جاری ہے۔ پولنگ صبح 11 بجے شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ خیبر پختونخوا سے جنرل نشستوں پر حکومت کے چار اور اپوزیشن کے تین امیدوار میدان میں ہیں۔ خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشستوں کے لئے حکومت اور اپوزیشن دونوں نے دو، دو امیدوار نامزد کئے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی نے جنرل نشستوں کے لئے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نورالحق قادری کو نامزد کیا ہے جبکہ خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشستوں کےلئے روبینہ ناز اور اعظم سواتی پارٹی کے امیدواروں میں شامل ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جنرل نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے نیاز احمد، پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود اور جے یو آئی کے عطاالحق امیدوار ہیں۔

خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشستوں کے لیے پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد اور جے یو آئی کے دلاور خان امیدوار ہیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومت کو 92 جبکہ اپوزیشن کو 53 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ جنرل نشست جیتنے کے لئے 19 ووٹ درکار ہیں جبکہ خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشستوں کے لئے 49 ووٹ درکار ہیں۔ اپوزیشن کو تیسری جنرل نشست جیتنے کےلئے چار اضافی ووٹوں کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی کے 5 منحرف اراکین میں سے 4 کے دستبردار ہونے کے بعد خرم ذیشان جنرل نشست کےلئےمیدان میں باقی رہ گئے ہیں۔