ساہیوال ،کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں متوقع سیلاب سے انسانی جان و مال کو بچانے کے لئےمحکمہ اریگیشن کی تیاریوں پر بریفنگ لی گئی

پیر 21 جولائی 2025 17:16

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں متوقع سیلاب سے انسانی جان و مال کو بچانے کے لئےمحکمہ اریگیشن کی تیاریوں پر بریفنگ لی گئی۔ اجلاس میں چیف انجینیئر اریگیشن ساہیوال زون نعمان بیگ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ایس ای ایل بی ڈی سی رانا طارق سیف، ایس ای سکھراوا سرکل محب اللہ، ایس ای نیلی بار سرکل اریبہ جاوید، ایکسین ایل بی ڈی سی محمد طلحہ، ایکسین سکھراوا ڈرینج عمرابرار، ایکسین سلیمانکی ہیڈورکس حافظ ریاض اورایکسین بلوکی ہیڈورکس ذیشان ابوبکر نے بھی شرکت کی۔

کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ دریائے راوی اور ستلج میں پانی کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور عوام کو متوقع سیلاب سے بچانے کے لئے اگاہی بھی فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ قطب شاہانہ برج پر دریائے راوی کے ممکنہ کٹاؤ پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورت میں ہاٹ سپاٹس کی ابھی سے نشاندہی کر لی جائے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف انجینئر اریگیشن نعمان بیگ نے بتایا کہ محکمہ اریگیشن نے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ سے بھی قریبی رابطہ ہے۔