ملک کو درپیش چیلنجز کا حل صرف باکردار قیادت ،عوامی شرکت سے ہی ممکن ہے‘ضیاء الدین انصاری

پیر 21 جولائی 2025 19:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پی پی 166، اڈا لوہاراں والا کھوہ، ملتان روڈ پر ایک اہم اور منظم ممبرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں حلقے کی 16 یونین کونسلز سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد ممبران نے شرکت کی اور عوامی کمیٹیوں کی ذمہ داریوں کا حلف اٹھایا۔کنونشن میں جماعت اسلامی کے عوامی خدمت کے مشن کو عوامی سطح پر مؤثر بنانا اور حافظ نعیم الرحمن کے انقلابی وژن کی روشنی میں بلدیاتی و شہری مسائل کا حل مقامی سطح پر ممکن بنانا تھا۔

تقریب کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور غربی سید علی ارتضیٰ حسنی نے کی، جب کہ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، نائب قیم جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد، غلام حسین بلوچ اور دیگر معزز قائدین مہمانان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کے انقلابی وژن پر شہر بھر میں منظم عوامی جدوجہد کا آغاز ہو چکا ہے۔

جماعت اسلامی سیاست کو عوامی خدمت کا ذریعہ سمجھتی ہے، اور ہم اقتدار کے بجائے کردار کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت کے زیر نگرانی شہر کے ہر علاقے میں عوامی کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو درپیش بنیادی مسائل پانی، بجلی، گیس، صفائی، تعلیم اور صحت کو ترجیحی بنیادوں پر مقامی سطح پر حل کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا حل صرف باکردار قیادت اور عوامی شرکت سے ہی ممکن ہے۔ جماعت اسلامی اسی نظریے کو بنیاد بنا کر معاشرے میں مثبت تبدیلی کی جدوجہد کر رہی ہے۔کنونشن میں شریک کارکنان اور مقامی ذمہ داران نے عوامی سطح پر فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرکاء نے کہا کہ جماعت اسلامی کا تنظیمی ماڈل ہی عوامی مسائل کے حل کی حقیقی بنیاد ہے۔