پاکستان انجینئرنگ سیکٹر میں پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے،ا حسن اقبال

پیر 21 جولائی 2025 20:10

پاکستان انجینئرنگ سیکٹر میں پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے،ا حسن اقبال
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کہا ہے کہ پاکستان عالمی شراکت داریوں کو فروغ دے کر انجینئرنگ سیکٹر میں پائیدار ترقی کیلئے پرعزم ہے۔گوادر پرو کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ ایف آئی ڈی آئی سی ایشیا-پیسیفک ریجنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنسلٹنگ انجینئروں کے پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے اور علاقائی اتحاد کو فروغ دینے کے لیے ایک لازمی فورم قرار دیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم کنسلٹنگ انجینئروں کی پیشہ ورانہ قابلیت کو بہتر بنانے اور خطے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے نتائج توانائی کے شعبے میں تبدیلی، انفراسٹرکچر کی ترقی اور جدت پر مبنی ترقی کے لیے نئے مواقع فراہم کریں گے۔

گوادر پرو کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ ایف آئی ڈی آئی سی ایشیا-پیسیفک ریجنل کانفرنس کا انعقاد خطے کے انجینئرنگ اور کنسلٹنگ سیکٹرز کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ پاورچائنا کی اسپانسرشپ اور پاکستان ایسوسی ایشن آف کنسلٹنگ انجینئرز (PACE) کے زیر اہتمام منعقدہ اس کانفرنس کا مقصد ایشیا-پیسیفک اور جنوبی ایشیا میں انجینئرنگ کنٹریکٹنگ اور کنسلٹنسی کو فروغ دینا تھا۔

گوادر پرو کے مطابق کانفرنس میں 20 سے زائد ممالک کے نمائندے شریک ہوئے جن میں عالمی مالیاتی ادارے ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔ شرکاء نے انجینئرنگ کے شعبے کو درپیش اہم چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا اور تکنیکی جدت، پائیداری اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے حوالے سے بات چیت کی۔