اسلام آباد چیمبر اور بین الاقوامی مرکز برائے تنازعات کے مناسب حل اور روک تھام کا سٹریٹجک تعاون کا فیصلہ

پیر 21 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) پاکستان کے تجارتی شعبے میں ثالثی کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور بین الاقوامی مرکز برائے تنازعات کے مناسب حل اور روک تھام (آئی سی اے ڈی آر پی) نے سٹریٹجک تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر کو آئی سی اے ڈی آر پی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سی ای او ڈاکٹر ندرت ای پراچہ کی قیادت میں آئی سی سی آئی کا دورہ کیا اور اس کے صدر ناصر منصور قریشی سے تعمیری ملاقات کی۔

وفد میں منیجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر فرخ کریم قریشی اور نائب صدر سٹریٹجک الائنس حامد شریف شامل تھے۔ آئی سی سی آئی کی جانب سے ایگزیکٹو ممبر شمائلہ صدیقی اور آئی سی سی آئی کے صدر کے مشیر نعیم صدیقی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر ناصر منصور قریشی نے متبادل قانونی فریم ورک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس کے فروغ کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کیا جو تنازعات کے لیے تیز رفتار اور کم لاگت حل پیش کرتا ہے ۔

انہوں نے موجودہ حالات میں اے ڈی آر کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان بھر میں ثالثی کے طریقوں کو آگے بڑھانے میں آئی سی اے ڈی آر پی کے کردار کی تعریف کی۔صدر ناصر منصور قریشی نے وفد کو آئی سی سی آئی میں ترمیم شدہ کرایہ پابندی ایکٹ 2023 کے تحت قائم شدہ ثالثی کونسل کے دفتر کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کونسل نے تجارتی کرایہ کے مسائل کو حل کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور کامیابی کے ساتھ عدالت سے باہر تصفیوں کو فروغ دیا ہے۔

ڈاکٹر ندرت پراچہ، بیرسٹر فرخ قریشی اور حامد شریف نے اس موضوع پر آئی سی سی آئی کے فعال وژن کی تعریف کی اور ملک بھر میں اے ڈی آر فریم ورک کو ادارہ جاتی بنانے میں آئی سی اے ڈی آر پی کی جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روایتی قانونی نظام میں فیصلوں میں مسلسل تاخیر ثالثی جیسے موثر متبادل کی فوری ضرورت پر زور دیتی ہے۔

دونوں اداروں نے اے ڈی آر بارے آگاہی پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس شراکت داری کے تحت آئی سی اے ڈی آر پی ثالثوں کے لیے خصوصی تربیتی سیشنز کا انعقاد کرے گا اور آئی سی سی آئی میں اے ڈی آر کے عملی فوائد کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی پریزنٹیشن کا اہتمام کرے گا۔آئی سی سی آئی کے صدر کے مشیر نعیم صدیقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ شراکت داری کاروباری برادری کو قانونی چارہ جوئی کے لیے موثر متبادل فراہم کرنے کے لیے ایک بروقت اقدام ہے جس سے پاکستان میں مجموعی کاروباری ماحول کو تقویت ملے گی۔