پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی ملک بھر کے سکولوں کو فیفا کے عالمی تعلیمی و کھیلوں کے منصوبے فٹ بال فار سکولز پروگرام میں حصہ لینے کی دعوت

پیر 21 جولائی 2025 20:15

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی ملک بھر کے سکولوں کو فیفا کے عالمی تعلیمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے ملک بھر کے سکولوں کو فیفا کے عالمی تعلیمی و کھیلوں کے منصوبے فٹ بال فار سکولز (ایف فور ایس) پروگرام میں حصہ لینے کی دعوت دے دی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد فٹ بال کو تعلیمی نظام کا حصہ بناتے ہوئے کھیل کے ذریعے بچوں کو مہارت سکھانا ہے۔ یہ بین الاقوامی پروگرام 4 سے 14 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ وہ فٹ بال کے ذریعے سیکھنے، بڑھنے اور مثبت انداز میں کھیلنے کے مواقع حاصل کر سکیں۔

فیفا کی جانب سے اس پروگرام کے موجودہ مرحلے میں شرکت کیلئے آخری تاریخ 31 دسمبر 2025ء مقرر کی گئی ہے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے کہ ملک کے بچے اس نایاب موقع سے فائدہ اٹھا کر اپنی صلاحیتیوں کو اجاگر کر سکیں۔

(جاری ہے)

پروگرام کے تحت فیفا سکولوں میں فٹ بال سرگرمیوں کے موثر انعقاد کیلئے فزیکل ایجوکیشن اساتذہ کیلئے خصوصی تربیتی کورسز کا بھی انعقاد کرے گا جو آن لائن یا باقاعدہ کلاسز کے ذریعے ہو سکتے ہیں۔

اس تربیت کی بدولت اساتذہ بچوں کو دلچسپ، محفوظ اور بامقصد فٹ بال سرگرمیاں فراہم کر سکیں گے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کا کہنا ہے کہ فٹ بال فار سکولز صرف ایک کھیل کا پروگرام نہیں، بلکہ یہ ہمارے بچوں کے بہتر مستقبل کی تعمیر کا ذریعہ ہے، فٹ بال کے ذریعے وہ نہ صرف جسمانی طور پر صحت مند بنیں گے بلکہ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور اعتماد جیسی صلاحیتیں بھی سیکھیں گے جو زندگی بھر ان کے کام آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام سکولوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس پروگرام کا حصہ بنیں تاکہ ہمارے بچے اس خوبصورت کھیل کے ذریعے سیکھیں، آگے بڑھ سکیں اور ترقی کر سکیں۔