پاکستان کی ٹیبل ٹینس مقابلوں میں قبرص کو شکست

پیر 21 جولائی 2025 23:11

پاکستان کی  ٹیبل ٹینس مقابلوں میں قبرص کو شکست
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) پاکستان ٹیبل ٹینس پلیئر تیمور خان نے جرمنی میں منعقدہ ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں3-0سے قبرص کو شکست دے کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق تیمور خان نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد سے ہیں اور ایچ ای سی پاکستان سپورٹس دستے کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد،پاکستان کے وفد کے سربراہ جاوید میمن اور دیگر کھیلوں کے حلقوں نے کھلاڑی تیمور خان اور ٹیم کے منیجر احمد خان ہرل کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جاوید میمن نے کہا کہ پاکستان ٹیبل ٹینس گیم میں پہلی بار حصہ لے رہا ہے اور یہ ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں کسی بھی دور میں ہماری پہلی فتح ہے۔یہ قابل ذکر ہے کہ پاکستان کا 40 رکنی دستہ اس وقت سات کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے جرمنی میں ہے جبکہ بھارت400 ممبروں کا دستہ لایا ہے۔پاکستانی یونیورسٹیوں کی ٹیم ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، جوڈو، تیراکی، ایتھلیٹکس اور تیر اندازی میں حصہ لے رہی ہے۔