پاکستان شاہینز کا دورہ انگلینڈ (کل) سے باضابطہ طور پر شروع ہو رہا ہے

پیر 21 جولائی 2025 20:33

پاکستان شاہینز کا دورہ انگلینڈ (کل)  سے باضابطہ طور پر شروع ہو رہا ہے
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) پاکستان شاہینز کا دورہ انگلینڈ (کل) بروز منگل سے باضابطہ طور پر شروع ہو رہا ہے جہاں وہ تین ون ڈے اور دو تھری ڈے میچز کھیلیں گے۔ پہلا ون ڈے میچ پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف 22 جولائی کو بیکنہم میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ون ڈے میچ 25 جولائی کو اسی مقام پر شیڈول ہے جب کہ تیسرا اور آخری ون ڈے 27 جولائی کو ہوو میں ہو گا۔

ون ڈے سیریز کے بعد 2 تین روزہ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پہلا تین روزہ میچ 29 سے 31 جولائی تک ہوو میں ہو گا جب کہ دوسرا تین روزہ میچ 3 سے 5 اگست تک کینٹربری میں شیڈول ہے۔ پاکستان شاہینز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا ہے کہ ہم انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نہایت اہم تجربہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا موقع ہے کہ نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں اور سلیکٹرز کو متاثر کریں۔

اس طرح کے ٹورز کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھاتے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر بہتر تیاری کا ذریعہ بنتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس دورے کا مقصد نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو انگلش کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ فراہم کرنا ہے تاکہ مستقبل کے چیلنجز کے لیے انہیں تیار کیا جا سکے۔