آرٹیکل 255 کے تحت چیف جسٹس حلف کیلئے کسی کو نامزد کر سکتے ہیں، وزیرقانون

پیر 21 جولائی 2025 22:58

آرٹیکل 255 کے تحت چیف جسٹس حلف کیلئے کسی کو نامزد کر سکتے ہیں، وزیرقانون
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آرٹیکل 255 کے تحت چیف جسٹس کی ذمہ داری ہے کہ حلف کیلئے کسی کو نامزد کر سکتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہم نے دیکھا کہ ماضی میں کیا ہوتا رہا، کیسے چیزوں کو روک دیا گیا، سینیٹ کے گزشتہ انتخابات صرف حلف نہ لینے کی وجہ سے نہیں ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اگر آئین کے آرٹیکل 255 کے تحت اختیار استعمال کیا گیا تو یہ ان کی ذمہ داری تھی، آرٹیکل 255 کا استعمال کر کے حلف لینے کے معاملے پر پیشرفت ان کا مکمل اختیار ہے۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ جب آپ کورم کی نشاندہی کرتے ہوئے حلف نہ لینے دیں تو پھر یہ آئینی ذمہ داری بنتی ہے، سابق وزیراعظم کو جیل میں آئین و قانون کے مطابق تمام حقوق دیے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر کسی قیدی کے ساتھ کچھ ہو رہا ہے تو سیکریٹری داخلہ یا عدالت سے رجوع کر لیں۔