خیبر پختونخوا سینیٹ الیکشن میں حکومت اور اپوزیشن کا اتحاد تمام نشستیں جیت گیا

پیر 21 جولائی 2025 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)خیبر پختونخوا کے سینیٹ الیکشن میں حکومت اور اپوزیشن کا اتحاد تمام نشستیں جیت گیا، حکومت کے حصے میں 6اور اپوزیشن کے حصے میں 5نشستیں آئیں۔ سینیٹ انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق 7جنرل نشستوں میں سے 4پر پی ٹی آئی اور 3پر اپوزیشن کامیاب ہوگئی ہے، خواتین کی 2نشستوں میں سے ایک پر پی ٹی آئی دوسری پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی۔

ٹیکنوکریٹس نشستوں پر ایک پر تحریک انصاف اور دوسری پر جمعیت علما اسلام کامیاب ہوئی۔غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق ٹیکنوکریٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار اعظم سواتی اور جے یو آئی ف کے امید وار دلاور خان کامیاب ہوئے جبکہ دلاور خان نے 54ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے امید وار مراد سعید جنرل نشست پر کامیاب ہوئے، مراد سعید 26ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، پاکستان تحریک انصاف کے فیصل جاوید جنرل نشست پر کامیاب ہوئے، فیصل جاوید 22ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، نورالحق قادری جنرل نشست پر 21ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی امید وار روبینہ ناز 89ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کے امید وار اعظم سواتی 89ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، پی ٹی آئی کے امیدوار مرزا آفریدی جنرل نشست پر 21ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ہیں۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت الیکشن کمیشن نے پولنگ کے دورانیے میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا تھا اور شام پانچ بجے تک پولنگ کی اجازت دی تھی، پولنگ کا دورانیہ پہلے صبح 11سے دن 4بجے تک تھا۔خیبر پختونخوا سے سینیٹ انتخابات میں پہلا ووٹ جے یو آئی ف کے رکن صوبائی اسمبلی سجاد اللہ نے ڈالا تھا جبکہ ووٹ ڈالنے والوں میں پیپلز پارٹی کے احمد کنڈی، پی ٹی آئی پی کے اقبال وزیر اور آزاد رکن علی حادی بھی شامل تھے۔