غیر رجسٹرڈ ،غیرقانونی کام کرنیوالے کال سینٹرز کیخلاف آپریشن، درجنوں ملزمان گرفتار

مخصوص سافٹ ویئرز کے ذریعے امریکا، بھارت ،یونان سمیت کئی ممالک کی پروفائلنگ پاکستان میں کئے جانے کا انکشاف

پیر 21 جولائی 2025 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)ملک بھرمیں غیرقانونی کال سینٹرز کیخلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں،مالی فراڈ کے عالمی نیٹ ورک چلانے والوں کے پاکستان میں موجود 16ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن اتھارٹی نے گرے آپریشن کے نام سے ملک گیر کارروائیوں میںدرجنوں ملزمان کو گرفتارکیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق ایک، ایک کال سینٹر میں پچاس سے 500نوجوان کو بھرتی کیا جاتا تھا،وی پی این اور مخصوص سافٹ ویئرز کے ذریعے امریکا، بھارت، پرتگال، یونان سمیت کئی ممالک کی پروفائلنگ پاکستان میں کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق آن لائن شاپنگ اور سیروتفریح کے شوقین افراد ملزمان کا آسان ہدف ہیں،ڈیٹا پاکستان سے بیرون ملک گروہوں تک پہنچایا جاتا،جہاں اس عالمی نیٹ ورک کے کارندے لاکھوں ڈالرزکا فراڈ کرتے تھے،کئی غیرقانونی کال سینٹرز ایس ای سی پی سے رجسٹریشن لے کر خود کو قانونی ظاہر کرتے رہے،مگر حقیقت میں یہ ہائی ٹیک فراڈ فیکٹریاں چلا رہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے محمود الحسن نے بتایا ہے کہ ایک ماہ میں ہم نے 16کال سینٹرز کے اوپر ریڈ کیے اورکافی سارے فارنرز اور لوکل لوگوں کو پکڑا ہے،خاص کرجو والدین اپنے بچوں کو کال سینٹرز میں بھیجتے ہیں ان کو ضرور ویریفائی کریں کہ وہ کون سے کال سینٹر میں کام کر رہے ہیں اور وہاں پہ کیا ایکٹیوٹی چل رہی ہے۔این سی سی آئی اے کی ابتدائی تحقیقات میں غیر قانونی کال سینٹرز کی جانب سے عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانا ہے،حکام نے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔