محمد جاوید حنیف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس

پیر 21 جولائی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس پیر کے روز چیئرمین ایم این اے محمد جاوید حنیف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی طویل عرصے سے واجب الادا وصولیوں پر اپنی ذیلی کمیٹی کی پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ وزارت خزانہ نے 20 کروڑ روپے جاری کئے ہیں، مختلف وزارتوں اور تنظیموں سے ٹی سی پی کی وصولی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے وزارت تجارت کے ذریعے 15 ارب روپے دیے گئے ہیں ۔

جیمز اینڈ جیولری ایسوسی ایشن آف پاکستان سے متعلق ایس آر او 760 کی معطلی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے معاملے کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت جاری کیں۔

(جاری ہے)

چینی کے بحران اور چینی درآمد کرنے کے حکومتی فیصلے کے پیش نظر چیئرمین کمیٹی نے چینی کی قیمتوں میں اچانک اضافہ اور منافع خور مافیا کو بے نقاب کرنے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو معاملے کی تفصیلی تحقیقات کرے گی۔

ذیلی کمیٹی 15 دن کے اندر اپنے نتائج پیش کرے گی۔ چیئرمین محمد جاوید حنیف نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن اور فروٹ جوس کونسل کی عدم نمائندگی پر برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پاکستان نیشنل ٹیرف پالیسی پر جامع بات چیت بھی کی گئی۔ کمیٹی کے ممبران نے بڑی گاڑیوں پر ٹیکس کم کرنے اور چھوٹی گاڑیوں پر ٹیکس بڑھانے پر بھی بحث کی اور پالیسی فیصلوں پر وضاحت طلب کی۔

کمیٹی نے 2029ء تک 60 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کو حاصل کرنے کی فزیبلٹی کا بھی جائزہ لیا جسے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے تجویز کیا تھا۔اجلاس میں ایم این اے محمد مبین عارف، اسامہ احمد میلہ، شائستہ پرویز، ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،محمد عاطف،طاہرہ اورنگزیب، خورشید احمد جونیجو، شاہدہ رحمانی،محمد احمد چٹھہ، اور ایم این اے عاطف احمد چٹھہ نے شرکت کی۔وزارت تجارت، وزارت صنعت و پیداوار، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر حکام نے شرکت کی ۔