یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ معاملہ، فائرنگ کرنے والے 2 شوٹرز گرفتار، ملزمان نے تفتیش میں اصل حقیقت بتا دی

حملہ شانی ٹائیگر نامی شخص کے کہنے پر کیا، واردات میں عثمان اور لقمان بھی شامل تھے جو اس وقت کار میں موجود تھے، چوہنگ پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ملزمان کو گرفتار کیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 22 جولائی 2025 11:23

یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ معاملہ، فائرنگ کرنے والے 2 شوٹرز گرفتار، ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جولائی 2025)یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ معاملہ، فائرنگ کرنے والے 2 شوٹرز گرفتار،ملزمان نے تفتیش میں اصل حقیقت بتا دی،پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث شوٹرز کاشف چوہان اور فرخ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ انہوں نے یہ حملہ شانی ٹائیگر نامی شخص کے کہنے پر کیا، یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر ہونے والی فائرنگ کا معمہ لاہور کی چوہنگ پولیس نے حل کر لیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ کرنے میں ملوث 2 ملزمان کر گرفتار کرلیا گیا ہے جنہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے واقعے کے پس منظر اور اس میں شامل افراد کے نام بتا دئیے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے وقت شوٹرز کے ساتھ کار میں دو مزید افراد، عثمان اور لقمان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تفتیش سے معلوم ہوا کہ رجب بٹ کی سوشل میڈیا پر شہزاد بھٹی نامی نوجوان کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد شہزاد بھٹی نے شانی ٹائیگر سے رابطہ کیا جس نے مبینہ طور پر شوٹرز کو رجب بٹ کے گھر بھیجا۔

ملزمان نے پولیس کو تفتیش کے دوران بیان دیا کہ ہم نے شانی ٹائیگر کے کہنے پر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ کی تھی۔ واردات میں عثمان اور لقمان بھی شامل تھے جو اس وقت کار میں موجود تھے۔چوہنگ پولیس نے مختلف علاقوں بشمول ویلنشیا میں چھاپے مار کر ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے کرائم سین انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ واقعے میں مزید کون سے عناصر ملوث ہو سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ چند روز قبل ٹک ٹاکر رجب بٹ کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ چوہنگ میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیاتھا۔بتایاگیاتھاکہ رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ کا مقدمہ گھر پر موجود سیکیورٹی گارڈ کی مدعیت میں درج کیا گیاتھا۔

سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز سن کر باہر آیا تو تو موٹر سائیکل سوار ملزمان فرار ہو رہے تھے۔ انہیں نامعلوم افراد نے گھر پر فائرنگ کی جس سے دروازے کو نقصان پہنچاتھا۔ فائرنگ قتل کی نیت سے کی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔رجب بٹ اور ان کی فیملی واقعہ کے وقت گھر پر موجود نہیں تھے۔