آزادکشمیر الیکشن ٹربیونل کا بڑا فیصلہ: حلقہ ایل اے 16 کا الیکشن کالعدم قرار

فیصلے کے بعدسردار میر اکبر خان نہ صرف اپنی نشست سے محروم ہو گئے ہیں بلکہ انہیں وزارت سے بھی نااہل قرار دے دیا گیا

منگل 22 جولائی 2025 16:32

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)آزادکشمیر الیکشن ٹربیونل نے حلقہ ایل اے 16(شرقی باغ)میں ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر حکومت سردار میراکبر خان کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ الیکشن ٹربیونل کے جج حافظ محمد اکرم نے یہ فیصلہ سنایا، جس میں حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم بھی دیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کی جانب سے دائر انتخابی پٹیشن پر سنایا گیا، جس میںسردار میر اکبر خان کی کامیابی کو چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ایل اے سولہ میں ہونے والے انتخابات شفاف اور غیرجانبدارانہ نہیں تھے اور نہ ہی ان میں قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔ فیصلے کے مطابق الیکشن کو کالعدم قرار دینے کے مکمل جواز موجود تھے۔فیصلے کے بعدسردار میر اکبر خان نہ صرف اپنی نشست سے محروم ہو گئے ہیں بلکہ انہیں وزارت سے بھی نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ ٹربیونل کے اس تاریخی فیصلے کو آزادکشمیر کی سیاست میں ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔