بھارتی تارکینِ وطن کے ساتھ امریکا میں جانوروں جیسا سلوک

یہ تذلیل نریندر مودی کی غیر ذمہ دار خارجہ پالیسیوں کا شاخسانہ ہے،بھارتی ٹی وی

منگل 22 جولائی 2025 16:52

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)بھارت کو ایک بار پھر دنیا کے سامنے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں بھارتی تارکین وطن کے ساتھ جانوروں جیسا غیر انسانی سلوک سامنے آنے کے بعد نریندر مودی کی حکومت شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔ مودی سرکار جسے خود کو دنیا بھر میں بھارتیوں کا محافظ قرار دینے کا جنون ہے، اب اپنے شہریوں کی بیرون ملک تذلیل پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔

بھارتی ٹی وی کی ایک سنسنی خیز رپورٹ نے امریکی حراستی مراکز میں بھارتیوں سمیت دیگر تارکین وطن کے ساتھ ہونے والے ظلم و ستم کی پردہ کشائی کی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فلوریڈا کے میامی، کروم نارتھ سروس پروسیسنگ سینٹر، اور براوارڈ ٹرانزیشنل سینٹر میں بھارتی تارکین وطن کو زمین پر جانوروں کی طرح کھانا کھانے پر مجبور کیا گیا، انہیں 12 دن تک بغیر بستر کے سرد فرش پر سونے کے لیے چھوڑ دیا گیا، اور عورتوں کو مردوں کے سامنے بیت الخلا استعمال کرنے پر مجبور کیا گیا۔

(جاری ہے)

تشدد، بدبو زدہ بسوں میں دن رات قید، اور طبی سہولیات سے محرومی جیسے دل دہلا دینے والے واقعات کے باوجود بھارتی حکومت نے تاحال نہ کوئی احتجاج کیا ہے، نہ ہی امریکی حکام سے کسی قسم کا سفارتی رابطہ کیا ہے۔ مودی حکومت جو بیرون ملک بھارتیوں کی حفاظت کا دعوی کرتی ہے، اس شرمناک خاموشی پر دنیا بھر میں تنقید کی زد میں ہے۔ماہرین کے مطابق، یہ رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ نریندر مودی کی حکومت صرف ملک کے اندر اقلیتوں اور مخالفین کو کچلنے میں مصروف ہے، جبکہ بیرون ملک بسنے والے بھارتی شہریوں کی بنیادی انسانی عزت اور سلامتی کو مکمل طور پر نظر انداز کر چکی ہے۔