لاہور ہائیکورٹ، فواد چوہدری کی بریت کی درخواست مسترد کرنے کے خلاف اپیل خارج

منگل 22 جولائی 2025 17:03

لاہور ہائیکورٹ، فواد چوہدری کی بریت کی درخواست مسترد کرنے کے خلاف اپیل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی 9 مئی کے فیصل آباد کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کر دی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے فواد چوہدری کی اپیل پر سماعت کی،فواد چوہدری کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 9 مئی کے واقعہ کے ڈیڑھ سال بعد فیصل آباد کے مقدمے میں نامزد کیا گیا جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت میں ان کے خلاف صرف دو گواہ موجود تھے،جن کے بیانات میں واضح تضادات ہیں۔

وکیل نے مزید کہا کہ اے ٹی سی نے بریت کی درخواست حقائق کے برخلاف خارج کی،عدالت سے استدعا ہے کہ اس فیصلے کو کالعدم قرار دے کر بری کیا جائے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے آپ کا پورا کیس پڑھ لیا ہے،اے ٹی سی کے فیصلے میں کیا خرابی ہے؟اگر گواہ آپ کے حق میں ہیں تو گھبرانے کی ضرورت نہیں،آپ کو تو خوش ہونا چاہیے کہ کیس بریت کا ہے،لہذا انسداد دہشت گردی عدالت کے حتمی فیصلے کا انتظار کریں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ ان مقدمات میں کئی ملزمان ہیں،عدالت کی کوئی بھی رائے دیگر کیسز کو متاثر کر سکتی ہے،وکیل نجیب فیصل نے استدعا کی کہ ایڈووکیٹ احسن بھون مصروف ہیں، کیس ملتوی کیا جائے،جس پر چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ آپ بڑے قابل وکیل ہیں،آپ نے اچھے دلائل دیئے،ہم نے کیس کا ایک ایک صفحہ پڑھ لیا ہے،وکیل نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ بات میرے کندھوں پر آئے،جس پر چیف جسٹس عالیہ نیلم نے جواب دیا کہ آپ کے کندھے بہت مضبوط ہیں،حوصلہ رکھیں،عدالت نے فواد چوہدری کی اپیل مسترد کر دی۔