مشیر سیاحت و ثقافت کی ہدایت پر صوبے کے سیاحتی مقامات پر مون سون کی بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر فلڈ ایمرجنسی ریسپانس یونٹ کا قیام کر دیا گیا

منگل 22 جولائی 2025 19:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کی ہدایت پر محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے کے سیاحتی مقامات پر مون سون کی بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر فلڈ ایمرجنسی ریسپانس یونٹ کی قیام عمل میں لایا گیاہے یہ فیصلہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 21 جولائی سے بالائی علاقوں میں بارشوں اور ہواؤں کی نئی لہر کی پیشگوئی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایمرجنسی یونٹ خیبرپختونخوا پشاور سمیت ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن میں قائم کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔ سیکرٹری سیاحت نے صوبہ کے مختلف اضلاع کے لیے فوکل پرسنز بھی تعینات کر دیے ہیں اور تمام متعلقہ سٹاف کی چھٹیاں فوری منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔ مؤثر ریسکیو اور کوآرڈینیشن کے لیے عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے جبکہ سیاحتی پولیس اور ہیلپ لائن کی تعیناتی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاح معلومات اور حکومتی امداد کے لیے کسی بھی مقام سے 1422 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ محکمہ سیاحت اور دیگر اتھارٹیز کے سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے