کمشنر سبی کانے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ ،مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ

منگل 22 جولائی 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) کمشنر سبی اسداللہ فیض نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کر کےمریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر صحت عبدالخالق اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عمیر حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایم ایس ڈی ایچ کیو نے ہسپتال کی موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر اسداللہ فیض نے ہسپتال کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود عملہ قابل تحسین خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہم امور کو فوری طور پر سیکرٹری صحت اور گورنر بلوچستان کے نوٹس میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو ایکسپریس فیڈر کے ذریعے 24 گھنٹے بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ڈینٹل یونٹ کا قیام، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹروں کی تعیناتی کی منظوری اور بلڈ بینک کی فراہمی جیسے اہم معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہےاور ان مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی، نظم و ضبط اور مریضوں کے لیے سہولیات کی بہتری کو یقینی بنایا جائے۔