جامعہ بلوچستان میں یورپی واٹر اسٹڈی ٹور کے تجربات پر سیمینارکا انعقاد، مربوط آبی وسائل کے انتظام کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

منگل 22 جولائی 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) جامعہ بلوچستان میں اعلیٰ سطحی پوسٹ وزٹ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان میں مربوط آبی وسائل کے انتظام (IWRM) کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نےجامعہ بلوچستان کی علمی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آبی قلت کا شکار بلوچستان کیلئے مربوط اور مؤثر آبی پالیسی ناگزیر ہے۔

انہوں نے پائیدار ترقی کے لیے تعلیمی و حکومتی اداروں کے درمیان مضبوط روابط پر زور دیا۔سیمینار میں قومی و بین الاقوامی ماہرین، پالیسی سازوں، ماہرینِ تعلیم، یونیورسٹی فیکلٹی ممبران اور طلباء نے شرکت کی۔ سیمینار کے انعقاد کا مقصد یورپ میں رائج جدید آبی نظم و نسق کے طریقوں کا تجزیہ کرنا اور ان کے بلوچستان کے تناظر میں قابلِ عمل پہلوؤں پر غور کرنا تھا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور بلوچستان میں پائیدار آبی وسائل کے تحفظ و مؤثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ماڈلز سے سیکھ کر بلوچستان کے مخصوص حالات کے مطابق مربوط حکمت عملی اپنائی جا سکتی ہے۔تقریب میں جیل بیکما نے ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی، جس میں نیدرلینڈز اور سپین میں آبی نظم و نسق، انفراسٹرکچر، پالیسیوں اور IWRM ماڈلز کا جامع جائزہ پیش کیا گیا۔

ان کی گفتگو میں یورپ کے کامیاب تجربات کو بلوچستان میں اپنانے کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔سیمینار سے ماہر مشیر محترمہ سائمہ ہاشم نے آن لائن پریزنٹیشن دی، جس میں بلوچستان کو درپیش آبی چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر مفصل تجزیہ پیش کیا گیا۔بعد ازاں ایک معلوماتی پینل ڈسکشن منعقد ہوا، جس میں پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، ڈپٹی سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ تنویر احمد جاموٹ، چیف کنزرویٹر فاریسٹ سید غلام محمد، آبی امور کے ماہر شمشر حیدر خان، محترمہ روبینہ شاہ اور ڈاکٹر عمران درانی نے شرکت کی۔

شرکاء نے IWRM کے تحت ادارہ جاتی تعاون، پالیسی سازی اور زمینی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق (وائس چانسلر، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ (BUITEMS)، یونیورسٹی اور پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، کوئٹہ بھی شریک تھے، جنہوں نے سیمینار کے موضوع، پیشکشوں اور نتائج کو سراہا اور مستقبل میں ایسے اقدامات کے تسلسل کی حمایت کی۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے شریک وائس چانسلرز، ماہرین اور مقررین کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔یہ سیمینار بلوچستان میں مربوط آبی وسائل کے نظم و نسق کے حوالے سے عملی منصوبہ بندی، شعور بیداری اور پالیسی سازی کی سمت ایک مؤثر پیش رفت ثابت ہوا۔