گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے دوسری ہیلتھ کیئر ایکسپو کا افتتاح کر دیا

منگل 22 جولائی 2025 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے دوسری ہیلتھ کیئر ایکسپو کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ صرف ایک نمائش نہیں بلکہ ایک وژن، مسلسل سفر اور قومی فریضے کا آغاز ہے۔منگل کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے کی بہتری سب سے بڑی ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ "ہیلتھ کیئر نظام کی اصلاح کے لیے ماہرین اپنی تجاویز گورنر ہائوس ارسال کریں، جنہیں میں خود اسلام آباد میں متعلقہ حکام تک پہنچائوں گا۔"انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں صحت جیسے اہم شعبے میں واضح بہتری نظر آئے گی اور اس حوالے سے کیے گئے اقدامات جلد مثبت نتائج دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام شرکا، منتظمین اور پارٹنرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحت ایک قوم کی ترقی کی بنیاد ہے اور تعلیم، معیشت و سماجی استحکام کے لیے صحت مند معاشرہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر ایکسپو تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور طبی سہولیات کو اجاگر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہیں۔ ایسے ایونٹس نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی ماہرین کو بھی یکجا کرتے ہیں، جس سے تجربات و خیالات کا تبادلہ ہوتا ہے اور صحت کے شعبے کو نئی راہیں ملتی ہیں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اور متعلقہ ادارے پہلے ہی صحت کے شعبے میں اصلاحات پر کام کر رہے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ یہ تین روزہ ایکسپو نئی سوچ، موثر حکمتِ عملی اور جذبے کو فروغ دے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہو اور پاکستان، بالخصوص سندھ، صحت کے شعبے میں ترقی کی نئی مثالیں قائم کرے۔