Live Updates

پاکستان شاہینز نے پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کو پہلے ون ڈے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی

بدھ 23 جولائی 2025 09:40

بیکنھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) پاکستان شاہینز نے پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کو پہلے ون ڈے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بارش کے باعث میچ کو 50 کے بجائے 28 اوورز تک محدود کر دیا گیا جس میں شاہینز نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 204 رنز کا ہدف 27.5 اوورز میں حاصل کیا۔ اس میچ کی خاص بات کپتان سعود شکیل اور حیدر علی کی شاندار نصف سنچریاں اور چوتھی وکٹ کے لیے 129 رنز کی شراکت رہی جس نے فتح کی بنیاد رکھی۔

پی سی بی کے مطابق پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 27.4 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ پاکستان شاہینز کے میر حمزہ نے پہلے ہی اوور میں اسحاق محمد کو صفر پر آؤٹ کر کے بہترین آغاز فراہم کیا جبکہ عبید شاہ نے ٹام لیوس کی وکٹ 4 رنز پر حاصل کی۔

(جاری ہے)

ول سمیڈ اور حمزہ شیخ نے تیسری وکٹ کے لیے 98 رنز کی شراکت قائم کی۔ سمیڈ نے 62 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

معاذ صداقت نے انہیں بولڈ کیا جو پاکستان شاہینز کے سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے۔ انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعود شکیل اور فیصل اکرم نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ گرین شرٹس کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 204 رنز کا نظر ثانی ہدف دیا گیا۔ پاکستان شاہینز کی اننگز کا آغاز کچھ مشکلات سے ہوا۔ علی زریاب آصف اور اذان اویس 8، 8 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ عمیر بن یوسف صرف 2 رنز بنا سکے۔

3 وکٹوں کے نقصان پر 32 رنز کے بعد سعود شکیل اور حیدر علی نے اننگز کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کے لیے سنچری پارٹنرشپ قائم کی۔ حیدر علی نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے جبکہ سعود شکیل 72 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہد عزیز نے اختتامی لمحات میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر 21 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلائی۔ پاکستان شاہینز اور پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے درمیان دوسرا ون ڈے 25 جولائی کو بیکنھم میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا میچ 27 جولائی کو ہوو میں شیڈول ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات