پاکستانی چاول کی برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ

مجموعی آمدنی 14.7 فیصد کی نمایاں کمی کے ساتھ 3.36 ارب ڈالر رہی

بدھ 23 جولائی 2025 10:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء) گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی چاول کی برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کی بڑی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی سے کمی رہی۔ایک رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں پاکستان کی مجموعی چاول کی برآمدات 5.8 ملین میٹرک ٹن رہیں جو مالی سال 24کے 6 ملین میٹرک ٹن کے مقابلے میں 3.7 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

چاول کی برآمدات سے حاصل ہونے والی مجموعی آمدنی 14.7 فیصد کی نمایاں کمی کے ساتھ 3.93 ارب ڈالر سے کم ہو کر 3.36 ارب ڈالر رہی۔رپورٹ کے مطابق یہ کمی بنیادی طور پر عالمی منڈی میں قیمتوں میں گراوٹ، خصوصاً نان باسمتی اقسام کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ہوئی جو پاکستان کی چاول برآمدات کا 85 فیصد سے زائد حصہ بنتی ہیں۔باسمتی چاول کی برآمدات میں مقدار کے لحاظ سے 3 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا جو 797,000 ٹن تک پہنچ گئیں تاہم اس سے حاصل شدہ آمدنی 5.2 فیصد گھٹ کر 832 ملین ڈالر رہ گئی، جو مالی سال 2024 میں 877 ملین ڈالر تھی۔