امریکہ کی حوثیوں سے منسلک تیل اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ نیٹ ورک پر پابندیاں

پانچ کمپنیاں تیل کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے ذریعے حوثیوں کو مالی سہارا درہی ہیں،محکمہ خزانہ

بدھ 23 جولائی 2025 15:28

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)امریکی محکمہ خزانہ کے ذیلی ادارے او ایف اے سی نے یمن کی حوثی ملیشیا سے وابستہ ایک نیٹ ورک پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اس نیٹ ورک میں شامل دو افراد اور پانچ کمپنیوں پر الزام ہے کہ وہ تیل کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے ذریعے حوثیوں کو مالی سہارا دے رہے تھے۔محکمہ خزانہ کے بیان کے مطابق یہ نیٹ ورک تجارتی کمپنیوں کے ذریعے تیل کی مصنوعات حوثی کنٹرول والے علاقوں میں پہنچاتا ہے، جہاں سے حوثی ہر سال کروڑوں ڈالر کماتے ہیں۔

یہ رقم وہ اپنے پرتشدد اور خطے کے استحکام کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کے لیے استعمال کرتے ہیں۔بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے ایرانی تیل کی ایک مربوط کھیپ سامنے آئی ہے، جس کی مالیت بارہ ملین ڈالر تھی۔

(جاری ہے)

پابندیاں امریکی ایگزیکٹو آرڈر 13224 کے تحت عائد کی گئی ہیں، جس کا اطلاق ان افراد اور اداروں پر ہوتا ہے جو دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت کرتے ہیں۔پابندیوں کے تحت متعلقہ افراد اور اداروں کے امریکا میں موجود تمام اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں، اور امریکی شہریوں کو ان کے ساتھ کسی بھی قسم کے لین دین سے روک دیا گیا ہے۔محکمہ خزانہ نے متنبہ کیا ہے کہ جو غیر ملکی مالیاتی ادارے ان عناصر کی معاونت کریں گے، وہ بھی ثانوی پابندیوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔