اردن کے سفیر کا بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ، ریکٹر اور صدر کے ساتھ تعلیمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا

بدھ 23 جولائی 2025 17:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) اردن کے سفیر معین خریسات نے بدھ کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نئے کیمپس کا دورہ کیا۔ سفیر نے یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اور صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ تعلیمی تعاون کی راہیں تلاش کرنے پر گفتگو ہوئی۔بات چیت میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور اردن کی یونیورسٹیوں کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی جن میں تکنیکی مدد پر مبنی سکالرشپس، تعلیمی تبادلے اور مشترکہ طور پر بین الاقوامی کانفرنسوں کے انعقاد کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے سفیر کی تجاویز کو سراہتے ہوئے تعلیمی سفارتکاری پر زور دیتے ہوے کہا کہ یہ عالمی امن، ہم آہنگی اور ترقی کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور اردن کے درمیان تعلیمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔سفیر کے ساتھ ملاقات میں صدر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے یونیورسٹی کے وژن، تدریسی خدمات اور سٹریٹجک اہداف کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے بین الاقوامی تعلیمی روابط کو بڑھانے کے لئے یونیورسٹی کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔سفیر نے تعلیم کے ذریعے مسلم معاشروں میں یونیورسٹی کے تعاون و خدمات کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ جامعہ کی اعلی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں پر مبنی یہ دورہ دو طرفہ تعلیمی تعاون کی نئی راہیں کھولے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں اردنی طلباء کی تعداد میں اضافے کے خواہشمند ہیں جس کے امکانات ان کے اس دورے کے بعد اور بھی روشن ہو گئے ہیں ۔