ہنگری کا یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے سے مسلسل انکار

جمعرات 24 جولائی 2025 12:21

بوداپست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ہنگری نےکہا ہے کہ وہ یوکرین کو کسی بھی صورت اسلحہ فراہم نہیں کرے گا اور نہ ہی روس یوکرین جنگ کا حصہ بننے کا ارادہ رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سییارتو نے روسی خبر رساں ادارے تاس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہنگری ایک ایسا ملک ہے جس نے کبھی یوکرین کو اسلحہ نہیں دیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ جب تک موجودہ حکومت اقتدار میں ہےملک کو اس جنگ سے دُور رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہنگری نہ صرف اسلحے کی فراہمی سے گریزاں ہے بلکہ وہ یوکرین کو کسی قسم کی مالی امداد بھی فراہم نہیں کرے گا، اور نیٹو کی جانب سے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں کا بھی حصہ نہیں بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہنگری صرف امن اور استحکام کا خواہش مند ہے۔