لیبیا کشتی حادثہ ، جاں بحق دو مزید افراد کی نعشیں پارہ چنار پہنچا دی گئیں

جمعرات 24 جولائی 2025 19:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)لیبیا کشتی حادثہ میں ڈوب کر جاںبحق ہونے والے قبائلی ضلع کرم کے رہائشی مزید 2بدقسمت نوجوانوں کی میتیںپانچ ماہ بعد صدر مقام پارہ چنار پہنچا دی گئیں جس کے ساتھ ہی اب تک اس المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 16پاکستانیوں کی میتیں اپنے وطن پہنچ گئیں جن میں 13 کا تعلق ضلع کرم جبکہ ایک ایک کا تعلق اورکزئی‘ باجوڑ اور پشاور سے تھا۔

باخبر ذرائع کے مطابق گزشتہ روزلیبیاکشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے مزید2 نوجوانوں حسنین اور حسن مصطفی کی میتیں بذریعہ ہوائی جہاز اسلام آباد لائی گئیںجہاں سے انہیں سڑک کے راستے ایمبولینس میں قبائلی ضلع کرم کے ہیڈکوارٹرپارہ چنارشہر منتقل کیا گیا۔ چھ روز قبل بھی کشتی حادثہ میں جاں بحق دو افراد اشتیاق حسین اور وسیم عباس کی میتیں کرم لائی گئی تھیں جسے پارہ چنار کے نواحی علاقہ سلطان کنڈہ پہنچادیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کشتی ڈوبنے اس المناک حادثے میں تقریباً 26 پاکستانی لقمہ اجل بن گئے تھے جن میں نصف سے زیادہ کا تعلق قبائلی ضلع کرم سے تھا جبکہ تین دیگرپشاور‘ اورکزئی اور باجوڑ کے رہائشی تھے۔ذرائع کے مطابق اب تک 16پاکستانی شہریوں کی میتیں وطن واپس لائی جا چکی ہیں۔ حادثہ رواں سال فروری میںاس وقت پیش آیا تھا جب تارکینِ وطن کی کشتی لیبیا کے ساحل سے روانہ ہونے کے بعد بحیرہ روم میں خراب موسم کے باعث الٹ گئی تھی۔